جناب ارشاد اللہ اور جناب قمر عالم سے ملاقات، فائنل میرٹ لسٹ جاری نہ ہو نے پر تشویش کا اظہار
پٹنہ21 مارچ(پریس ریلیز) آج ایک بار پھر پٹنہ میں پورے بہار سے آئے معاون اردو مترجم کے امیدواروں نے بحالی کے سلسلے میں مختلف سیاسی قائدین سے ملاقات کی، بالخصوص سنی وقف بورڈ کے چیئرمین جناب ارشاد اللہ صاحب اور ایم ایل سی جناب قمر عالم صاحب سے ملاقات کی، دونوں حضرات سے کاؤنسلنگ کو ایک ماہ سے زائد عرصہ ہونے کے باوجود فائنل میرٹ لسٹ جاری نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور اس پر تیزی سے کارروائی کو آگے بڑھانے اور بحالی کو جلد مکمل کروانے کے سلسلے میں تعاون کی درخواست کی۔ دونوں لیڈران نے امیدواروں کے مطالبے کو غور سے سنا اور ان کی پریشانی کو محسوس کرتے ہوئے متعلقہ افسران سے رابطہ کیا اور صحیح صورت حال سے آگاہی حاصل کی۔جس پر متعلقہ افسر نے ہفتہ عشرہ میں فائنل میرٹ لسٹ جاری ہونے کی یقین دہانی کرائی ۔واضح ہو کہ 2019ء میں معاون اردو مترجم کی بحالی کا نوٹیفکیشن آیا، 2022 میں پی ٹی اور پھر مین امتحان ہوا، جولائی 2022 ہی میں فائنل رزلٹ آیا اور کاؤنسلنگ ہوا؛ اس درمیان کچھ امیدواروں نے نیو این سی ایل اور نیو ای ڈبلیو ایس کے لیے کیس کر دیا، جس پر بحالی کی کارروائی آیوگ کی طرف سے روک دیا گیا؛ نومبر – دسمبر 2023 میں سارے کیسیز اٹھا لئے گئے تاکہ جلد بحالی ممکن ہو لیکن آیوگ نے کاؤنسلنگ کے لیے دوسری اور تیسری لسٹ نکال دیا اور وہ بھی 13 فروری کو پورا ہو گیا مگر اب تک فائنل میرٹ لسٹ شائع نہیں کیا؛ جس کی وجہ سے ہزاروں امیدوار بےچین ہیں اور تقریباً روزانہ ہی اس سلسلے میں مختلف سیاسی قائدین اور متعلقہ افسران سے ملاقات کرتے رہتے ہیں، تمام افسران نے جلد شائع ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے اور اب امیدوار بےصبری سے اس کا انتظار کر رہے ہیں ۔وکاس پرش معزز وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار نے جہاں ہر طبقہ کی ترقی کے لئے بہت کام کیا ہے وہیں اقلیت بالخصوص مسلمانوں کی ترقی کے لئے بھی بہت سارے اقدامات کئے ہیں،جس پر وہ پوری قوم کی طرف سے شکریہ کے مستحق ہیں؛ اردو مترجم کے امیدواران کو یقین ہے کہ معزز وزیر اعلیٰ ان پر بھی خصوصی توجہ دیں گے اور جلد از جلد انہیں بھی جوائننگ لیٹر دیں گے؛ جناب ارشاد اللہ صاحب اور قمر عالم صاحب سے امیدوار نے گہار لگائ کہ امیدواروں کی آواز معزز وزیر اعلیٰ تک پہنچائیں جس پر انہوں نے ضرورت پڑنے پر آواز پہنچانے کی یقین دہانی کرائی ؛ امیدواروں نے دونوں قائدین کا بےحد شکریہ ادا کیا، ملاقات کرنے والوں میں جناب ارشد رضا، نفیس ،آفتاب، عدنان، رمضان قادری، روی کانت، توحید وغیرہ کے علاوہ چالیس سے زائد مرد و خواتین تھے۔