🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

مدرسہ رحمانیہ نسواں جمالپور کا سالانہ جلسہ،علماء کرام کا پر مغز خطاب، تعلیم اورمعاشرہ کی اصلاح پر زور
دربھنگہ ؍ جمالپور۔مدرسہ رحمانیہ نسواں جمالپور ضلع دربھنگہ کا سالانہ جلسہ بڑے ہی تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوا، جس کی صدارت حضرت مولانا محمود الحسن صاحب گرولوی خلیفہ و مجاز حضرت مولانا احمد صاحب پرتاپ گڑھی نے کی،انہوں نے اپنے خطاب میں معاشرہ کی صلاح واصلاح پر زور دیا اور کہا کہ تعلیم سے ہی معاشرہ کی خرابیوں اور برائیوں کو دور کیا جا سکتاہے، جہالت تاریکی اور علم روشنی ہے، جہالت کی تاریکی کو علم کی روشنی سے دور کیجئے،اپنے بچوں کی اچھی تعلیم وتربیت کا انتظام کیجئے،معاشرہ کے افراد تعلیم یافتہ ہونگے تو معاشرہ مہذب اور پاکیزہ ہوگا۔
اللہ کا شکر ہے کہ آپ کے محلہ اور گاؤں میں مدرسہ رحمانیہ نسواں قائم ہے،اس کا فائدہ اٹھائے اور اپنی نسل کی بہترین تعلیم وتربیت کی فکر کیجئے،فکر آخرت اور اللہ کا خوف پیدا کیجئے، گھر کے ماحول کو بہتر بنائیے،ہم اسلامی مزاج وفکر، عقائد کی پختگی اور ایمانی قوت سے ہی ارتداد کا مقابلہ کر سکتے ہیں، مولانا مفتی مجاہد الاسلام قاسمی، مولانا حافظ نعمت اللہ قاسمی استاذ مدرسہ رحمانیہ سوپول بیرول اور مولانا شمشاد ندوی نے بھی اپنے خطاب میں تعلیم کی اہمیت اور سماجی مسائل کو درو کرنے اور معاشرہ کی اصلاح پر زور دیا،مولانا سفیان احمد ناظم مدرسہ ہذا نے خطبہ افتتاحیہ پیش کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال کیا اورمدرسہ رحمانیہ نسواں،جمالپور کی تعلیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی،اس موقع پر مدرسہ رحمانیہ نسواں کے طلبہ و طالبات نے مختلف تعلیمی وثقافتی پروگرام پیش کئے، جسے لوگوں نے بہت پسند کیا،پروگرام میں اچھی کارگردگی کا مظاہرہ کرنے اور سالانہ امتحان میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو علماء کرام کے ہاتھوں اعزاز سے نوازا گیا۔
مولانا احمد اللہ ندوی، مولانا محمد اسماعیل، حافظ محمد اسلم، قاری وصی اللہ،حافظ سعید الرحمن ،حافظ محمد شہزاد، قاری مقصود احمد، مولانا جاوید وغیرہ موجود تھے،جبکہ جمالپور کے سابق مکھیا اور مشہور سماجی شخصیت جناب عبد السلام صاحب اور موجودہ مکھیا جناب افضل علی خاں بھی موجود تھے، جنہوں نے طلبہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور مدرسہ کے ذمہ دار واساتذہ کرام کی کاوشوں کو سراہا،جلسہ میں مقامی لوگوں نے بڑی دلچسپی کے ساتھ شرکت کی اور جلسہ کو کامیاب بنایا۔