جامعہ رحمانی مونگیر میں تقریب تکمیل بخاری شریف اختتام پذیر

آپ فارغ نہیں ؛بلکہ مسئول بن کر جارہے ہیں :مفتی محمد اظہر مظاہری

مونگیر جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر میں ختم بخاری شریف کا اجلاس کل بروزاتوار9/بجے صبح منعقد ہوا اور1/بجے  دن میں بحسن وخوبی اختتام پذیر ہوگیا،جامعہ رحمانی خانقاہ  مونگیرکے شیخ الحدیث جناب مولانا مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری  نے طلبہ کو بخاری شریف کا آخری سبق پڑھایا اورحدیث پڑھنے پڑھانے اور روایت کرنے کی اجازت دی ، اس سال جامعہ ہذامیں دورۂ حدیث شریف میں 38/طلبہ تھے۔جنہیں تقویٰ و طہارت پر قائم رہتے ہوئے حدیث پڑھنے پ اورپڑھانے کی اجازت دی گئی۔
اس موقعہ پر حاضرین اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے، مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری نے امام بخاری ؒ کے مختصر حالات زندگی کا تذکرہ کرتے ہوئے صحیح البخاری کی فضیلت و اہمیت پر روشنی ڈالی اور فارغ ہونے والے طلبہ کو اپنے اندر اخلاص پیدا کرنے کی تلقین کی ،اس سے قبل جامعہ رحمانی کے ناظم تعلیمات جناب مولانا جمیل احمد صاحب مظاہری نے اپنے خطاب میں فارغ ہونے والے طلبہ کو عملی میدان میں کام آنے والی نہایت ہی قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور انہیں  اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا ،مولانا  نے فرمایا کہ آپ نے تعلیم کے ایک مرحلہ کو ضرور مکمل کرلیا ہے ؛لیکن ابھی آپ عالم نہیں بنے ہیں ؛بلکہ خود کو عالم بنانے کے قابل بن گئے ہیں۔
پروگرام کی نظامت کرتے ہوئے مفتی سیف الرحمن ندوی استاذ جامعہ رحمانی مونگیر نے اپنی ابتدائی گفتگو میں حجیت حدیث پر مختصر اور جامع روشنی ڈالی اور انکار حدیث کا تاریخی جائزہ لیا ۔ اس سے قبل مولانا عبدالعلیم رحمانی ازہری استاذ جامعہ رحمانی مونگیر نے ’’رد قادیانیت حدیث کی روشنی میں‘‘کے عنوان پر انتہائی جامع اور پر مغز گفگتو کی۔ جس میں انہوں نے سجادگان خانقاہ رحمانی کے اصلاحی کارناموں کا بھی جائزہ لیا۔
  اجلاس کا آغاز جامعہ ہذا کےاستاذ جناب مولاناقاری وسیم اخترصاحب قاسمی  کی تلاوت سے ہوااور مولوی محمدتنویر عالم رحمانی ہفتم عربی نے نعتیہ کلام پیش کیا ،فارغ ہونے والے تمام طلبہ کی ترجمانی کرتے ہوئے مولوی محمد ضیاء الدین رحمانی شریک دورۂ حدیث نے الوداعی نظم کی شکل میں جذباتی تأثرات پیش کیے، جس کی وجہ سے تمام حاضرین آبدیدہ ہوگئے ۔
واضح رہے کہ اس موقعہ پر امیرشریعت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم سرپرست جامعہ رحمانی مونگیر  کی شرکت یقینی تھی ، لیکن ایک نہایت ہی اہم میٹنگ کے لیے ان کو ایک سفرپر نکلنا پڑا  جس کی وجہ سے وہ شریک نہیں ہوسکے ، مفتی محمد اظہر صاحب مظاہری کی رقت آمیز دعا پر مجلس کامیابی کے ساتھ اختتام کو پہونچی اور آخر میں ناظم اجلاس مفتی سیف الرحمن ندوی نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔اس موقعہ پر جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے ذمہ داران، اساتذہ کرام، کارکنان و طلبہ عظام اور بڑی تعداد میں قرب و جوار کے متعلقین و متوسلین اور معتقدین نے شرکت کی۔
جامعہ رحمانی خانقاہ مونگیر کے متعلقین و متوسلین جو اس پروگرام میں شریک نہیں ہو سکے ان کے لیے فکر و نظر آفیشیل یو ٹیوب چینل نے پورا پروگرام نشر کیا ہے جسے دیکھ کر بعد میں بھی وہ محظوظ ہو سکتے ہیں۔

Leave a Comment