🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

ارریہ. الغزالی انٹرنیشنل اسکول، ارریہ میں آج ایک شاندار بیت بازی مقابلے کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں طلبہ نے جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ اس علمی و ادبی محفل کی صدارت معروف خطاط و شاعر جناب مولانا طارق ابن ثاقب نے فرمائی، جبکہ جناب ارشد انور الف اور ڈاکٹر ارشد حسن نے جج کے فرائض انجام دیے۔
پروگرام میں چار مختلف گروپوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ فائنل مرحلے میں ٹیم کلیم عاجز (لڑکیوں کی ٹیم) اور ٹیم مرزا غالب (لڑکوں کی ٹیم) نے جگہ بنائی۔ فائنل مرحلے میں زبردست مسابقت کے بعد ٹیم مرزا غالب نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیم کلیم عاجز کو شکست دے دی۔
اس موقع پر اسکول کے چیئرمین جناب مولانا شاہ جہاں ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الغزالی انٹرنیشنل اسکول میں بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف غیر نصابی سرگرمیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ بیت بازی کا یہ مقابلہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد طلبہ میں زبان و ادب کی دلچسپی کو فروغ دینا ہے۔
پروگرام کے آغاز میں مولانا ابرارالحق ندوی نے بیت بازی کے اصول و ضوابط پر روشنی ڈالی، جبکہ اسکول کے ڈائریکٹر مولانا مدثر احمد قاسمی نے مہمانوں کا پُرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر جج صاحبان جناب ارشد انور الف، ڈاکٹر ارشد حسن، مفتی انعام الباری، مفتی حسان جامی قاسمی اور صدرِ محفل مولانا طارق ابن ثاقب نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
یہ پروگرام علم و ادب سے محبت رکھنے والے طلبہ کے لیے ایک یادگار تجربہ ثابت ہوا اور شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے بامقصد مقابلے منعقد کیے جاتے رہیں گے۔