🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

نئی دہلی۔ دلی کے ریاستی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 48 نشتسوں کے ساتھ برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ اروند کیجریوال کی جماعت عام آدمی پارٹی اب تک صرف 22 سیٹیں ہی حاصل ہوئی ہے۔ دلی میں ریاستی اسمبلی انتخابات میں5 فروری کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور آج8 فروری کو ان کے نتائج سامنے آئے جن کے مطابق بی جے پی کو واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے ۔واضح رہے کہ ایگزٹ پولز میں بی جے پی کی جیت کی پیشگوئی کی گئی تھی۔بی جے پی اس انتخاب میں فتح یاب ہونے کے بعد 27 برس کے وقفے کے بعد ایک بار پھر دلی کی ریاستی اسمبلی کی کمان سنبھالے گی۔واضح رہے کہ کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے ہاتھ میں کچھ بھی نہیں آیا ہے۔تمام 70 سیٹوں کی ووٹوں کی گنتی کیلئے دہلی کے مختلف علاقوں میں مراکز قائم کیے گئے تھے۔ گنتی مراکز کے آس پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔
دہلی میں بی جے پی کی جیت پر وزیر اعظم نریندر مودی نے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں ایکس پر لکھا، ’’عوام کی طاقت سب سے بڑی ہے! ترقی کی جیت، بہتر حکمرانی جیتی۔ دہلی کے اپنے تمام بھائیوں اور بہنوں کو بی جے پی کو تاریخی جیت دلانے کے لیے میرا سلام اور مبارکباد! آپ نے جو بھرپور آشیرواد اور محبت دی ہے، اس کے لیے آپ سب کا دل سے شکریہ۔ دہلی کے تمام پہلوؤں کی ترقی اور یہاں کے لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، یہ ہماری گارنٹی ہے۔ ہم یہ بھی یقینی بنائیں گے کہ ترقی یافتہ ہندوستان کی تشکیل میں دہلی کا اہم کردار ہو۔ مجھے بی جے پی کے اپنے تمام کارکنوں پر فخر ہے، جنہوں نے اس زبردست عوامی فیصلے کے لیے دن رات محنت کی۔ اب ہم دہلی کے عوام کی خدمت میں اور بھی زیادہ قوت کے ساتھ وقف رہیں گے۔‘‘
دہلی اسمبلی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلی بار عام آدمی پارٹی کو شکست کا مزہ چکھایا ہے۔ پچھلے 10 سالوں سے اقتدار میں رہنے والی عام آدمی پارٹی کے کئی بڑے چہرے اس الیکشن میں ہار گئے ہیں۔ پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال خود نئی دہلی اسمبلی سیٹ بچانے میں ناکام رہے ہیں۔