بہار حکومت نے معین الحق اسٹیڈیم کو بی سی اے کے حوالے کیا

پٹنہ ۔ معین الحق اسٹیڈیم کے لئے زمین کی رجسٹری 30 سال کے طویل مدتی لیز پر بہار کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) کو منتقل کر دی گئی ہے ۔ یہ حکومت بہار اور بہار کرکٹ ایسوسی ایشن (بی سی اے) کی جانب سے پٹنہ میں بین الاقوامی کرکٹ میچوں کی میزبانی کرنے اور ریاست کے کرکٹرز کو ایک جدید ترین بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم فراہم کرنے کے لیے
بڑاقدم اٹھایاگیاہے ۔ اس کے علاوہ، حکومت نے پہلے اعلان کردہ تقریباً 37 کروڑ روپے کی زمین کی رجسٹری فیس کو معاف کر دی ہے۔ رجسٹری دستاویزات پر بہار حکومت کی جانب سے محکمہ کھیل کے ڈائریکٹر مہندر کمار اور بی سی اے کی جانب سے صدر راکیش تیواری نے دستخط کیے تھے۔اس موقع پر محکمہ کھیل کے ڈپٹی ڈائریکٹر سنجے کمار، پٹنہ کے ضلع اسپورٹس آفیسر اوم پرکاش، بی سی اے سکریٹری ضیاءالعارفین، جی ایم ایڈمن نیرج راٹھور اور کئی دیگر معززین موجود تھے۔ اراضی کی رجسٹری کا عمل مکمل ہونے کے بعد بی سی اے کے صدر راکیش کمار تیواری نے اعلان کیا کہ نئے سال میں اسٹیڈیم کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا اور تعمیراتی کام جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا۔معین الحق اسٹیڈیم کو اب بین الاقوامی سطح کے اسٹیڈیم اور اسپورٹس کمپلیکس کے طور پر تیار کیا جائے گا۔اسٹیڈیم میں 40,000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہوگی، اس کے ساتھ 76 کارپوریٹ باکسز اور 250 وی آئی پی افراد کے لیے انتظامات ہوں گے۔ اسکے علاوہ، اسپورٹس کمپلیکس میں بیڈمنٹن کورٹ، والی بال کورٹ، سوئمنگ پول، ایک فائیو اسٹار ہوٹل، کھلاڑیوں کے لیے ایک مکمل لیس ہاسٹل، ریستوراں، ایک کلب ہاؤس اور دیگر جدید سہولیات ہوں گی۔

Leave a Comment