نئی دہلی، 09 جون
بی جے پی کے سینئر لیڈر نریندر مودی نے لگاتار تیسری بار وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیا ، صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اتوار کو راشٹریہ پتی بھون میں منعقد تقریب میں انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزیراعظم کے ساتھ دیگر ممبران پارلیمنٹ کو بھی بحیثیت وزیر کے عہدے کا حلف دلایا گیا۔ سب سے پہلے کابینہ اس کے بعد آزادانہ چارج والے وزرا اور اس کے بعد وزیر مملکت کو عہدے کا حلف دلایا گیا۔وزیراعظم کے بعد سب سے پہلے بی جے پی کے راج ناتھ سنگھ ، امیت شاہ ، نتن گڈکری ، جے پی نڈا ، شیوراج سنگھ چوہان ، نرملا سیتارمن ، ایس جے شنکر ، منوہر لال کھٹر ، کمار سوامی ، پیوش گوئل ، دھرمیندر پردھان کے بعد بہار سے جتن رام مانجھی ، راجیو رنجن عرف للن سنگھ نے حلف لیا۔ بعد میں سربانند سونوال ، بریندر سنگھ ، رام موہن رائیڈو ٹی ڈی پی ، پرہلاد جوشی ، جوئل ارائو ں ، گری راج سنگھ ، اشونی ویشنو ، مادھو رو سندھیا ، بھوپیندر یادو ، گجیندر سنگھ شیخاوت ، جھارکھنڈ سے انپورنا دیوی ، کرن رجیجو، منسکھ منڈاویہ ، جی کشن ریڈی ، چراغ پاسوان سمیت دیگر وزرا نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔ وزیراعظم نریندر مودی اپنی کابینہ کے نئے معاونین سے کہا ہے کہ 100دن کے ایجنڈے کے عملی منصوبوں کو زمین پر اتارنا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آپ کو جو محکمہ ملے گا اس محکمہ میں زیر التوا منصوبوں کو جلد سے جلد پورا کرنا ہے۔ انہو ںنے ممبران پارلیمنٹ سے کہاکہ وہ 5سال کا روڈ میپ بھی تیار کریں ۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہماری حکومت کا منصوبہ ہے کہ 2047میں بھارت کو ترقی یافتہ ملک بنانا ہے اورہم اسے پورا کر کے رہیں گے۔ پی ایم مودی نے کہاکہ عوام کو این ڈی اے پر بھروسہ ہے ہمیں اسے اور مضبوطی کےساتھ ثابت کرکے دکھانا ہوگا۔ انہو ںنے خاص طور سے نو منتخب پارلیمنٹ جو پہلی بار وزیر بننے کی لائن میں ہیں انہیں جو ذمہ داری ملے گی پوری سختی کے ساتھ اس کو پورا کرنا ہوگا۔