🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

تعلیم کے ذریعہ سمندر میں راستہ بھی بنایا جا سکتا ہے: ڈاکٹر اظہار احمد
پٹنہ۔ بھائی چارہ اور محبت سے ہی حالات بدل سکتے ہیں اور یہ تعلیم کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ برج بنائے، پل بنانے لیکن دیوار اٹھانے کا کام بند کیجئے۔ تقریباً 75 سال قبل مذہب کی بنیاد پر ہمارا پڑوسی ملک بن تو گیا لیکن اس وقت مولانا آزاد نے جو پشن گوئیاں کی تھیں آج سچ ثابت ہو رہی ہے۔ لہذا اگر تم لوگوں کو بانٹو گے تو تمہیں سزا ضرور ملے گی۔ مذکورہ باتیں عزت مآب گورنر بہار جناب عارف محمد خان نے گزشتہ دنوں ہوٹل پاٹلی پترا کونٹیننٹل میں اسٹڈی ہڈ ( اسٹڈی ہڈ فائونڈیشن) کے ذریعہ منعقد بہار ایجوکیشن انسائٹ کنو نشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے حضرت آدم علیہ سے لیکر محمد صلعم تک کی تاریخ پر پر مغز تقریر کرتے ہوئے کہا کہ سب نے تعلیم کو ترجیح دی ہے۔ خود اسلام کہتا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے تمہیں اگر چین بھی جانا پڑے تو جاؤ۔ جو مذ ہب تعلیم کو فروغ دینے کی بات کرتا ہے تو ہم کو اس کے سبق پر عمل کرنا چاہئے۔ زندگی کا واحد مقصد ہوش سنبھالنے سے مرتے دم تک تعلیم ہونا چاہئے۔ گورنر موصوف نے اپنے خطاب میں عربی، فارسی، سنسکرت، ہندی، انگریزی کے حوالے سے اپنی باتیں رکھتے ہوئے سامعین کو حیرت زدہ کر دیا۔
انہوں نے اسٹڈی ہڈ فاؤنڈیشن کے سرپرست ڈاکٹر اظہار احمد اورچیئر مین محمد عارف امام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے اچھے مقصد کے تحت کام شروع کیا ہے۔ ہنر مند اور باصلاحیت بچے اور بچیوں کو تیار کر کے ملک و قوم کی خدمت کرنے کا جو آپ لوگوں کے اندر جزبہ ہے وہ قابل ستائش ہے۔
حکومت بہار کے وزیر جناب مہیشور ہزاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں نتیش کمار کی قیادت میں تعلیم کے شعبے میں بے شمار کام ہوا ہے۔ کئی میڈیکل اور انجینئرنگ کالج کھولے گئے ہیں۔ نالندا یونیورسٹی کے قیام سے دنیا بھر میں بہار کا نام روشن ہوا ہے۔ مرکزی حکومت بھی تعلیم کے شعبے میں ریاستی حکومت کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے۔
اسٹڈی ہڈ کے سرپرست سابق ایم ایل اے ڈاکٹر اظہار احمد نے اپنے خطاب میں گورنر موصوف کی بے پناہ صلاحیتوں اور خوبیوں کا تزکرہ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی دعوت پر انہوں نے پروگرام میں شرکت کر کے نہ صرف ہماری عزت افزائی کی ہے بلکہ آپ نے تعلیم کے شعبے میں اسٹڈی ہڈ کو کام کرنے کا حوصلہ بھی دیا ہے۔ آپ کے مارگ درشن میں اسڈی ہڈ یقیناً مزید بلندیوں پر جائے گا۔ڈاکٹر اظہار احمد نے تعلیم کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ذریعہ سمندر میں راستہ بھی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اسٹڈی ہڈ کے چیئرمین محمد عارف امام کی تعلیم کے شعبے میں خدمات کا بھی اعتراف کیا اور انتھک کوششوں کے بعد معیاری تعلیم کیلئے اسٹڈی ہڈ قائم کرنے کیلئے انہیں مبارک باد پیش کی۔ڈاکٹر اظہار احمد نے ہوٹل پاٹلی پترا کنویننٹل کے مالک جناب اشاق الرحمن کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پروگرام کے شروع ہونے سے آخر تک ہمارے شانہ بشانہ رہے۔
پروگرام سے خطاب کرنے والوں میں دہلی سے آئے ہوئے اسکالر سراج قریشی، پروفیسر پرویز عالم، بھاگلپور یونیورسٹی کے وائس چانسلر اجئے کمار، بی پی ایس سی کے سابق چیئرمین جناب امتیاز احمد کریمی، گورنمنٹ اردو لائبریری کے چیئرمین جناب ارشد فیروز سنٹ جوزف کنوینٹ پٹنہ کی بھاونا مہتہ، کینسر ہسپتال پٹنہ کے سربراہ ڈاکٹر ایل وی سنگھ، سنجے اروڑا، وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ تعلیم کے شعبہ میں خدمات انجام دینے والے متعدد شخصیات کی اس موقع پر شال اور گلدستہ پیش کر کے ان کی عزت افزائی کی گئی۔ چیئر مین اسٹڈی ہڈ محمد عارف امام نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اسٹیج پر سابق وزیر جناب اخلاق احمد بھی موجود تھے۔ جناب اشرف یعقوبی نے بہترین نظامت کر کے نہ صرف سامعین بلکہ گورنر موصوف کا بھی دل جیت لیا۔