🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

گاؤں ساکرس میں ’نشا مکتی و سماج سدھار ابھیان ‘کے عنوان سے 24 گاؤں کی مہا پنچایت کاانعقاد
نوح۔ گاؤں ساکرس میں ’نشا مکتی و سماج سدھار ابھیان ‘کے عنوان سے 24 گاؤں کی مہا پنچایت کاانعقاد کیاگیا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طورپر وجے پرتاپ آئی پی ایس پولیس کپتان نوح ضلع نے شرکت کی۔ مولانا یحییٰ کریمی ناظم عمومی جمعیۃعلماء متحدہ پنجاب کی زیرصدارت یہ پروگرام منعقد ہوا۔ مدرسہ افضل العلوم مہوں کی سکاؤٹ یونٹ نے پولیس کپتان صاحب کا شاندار استقبال کیا۔
آئی پی ایس وجے پرتاپ نے کہا کہ نشہ معاشرے میں لوگوں کی صحت کے لیے مہلک اور نقصان دہ ہے۔ چاہے تمباکو نوشی، منشیات ہویاپھر شراب جس شکل میں بھی ہو اس سے پرہیز کرنا بہت ضروری ہے۔ کیونکہ منشیات کے استعمال سے معاشرے کے ساتھ ساتھ انسانی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ جس کی وجہ سے آپسی بھائی چارہ آپس میں جھگڑوں میں بدل جاتا ہے۔ یہیں سے خاندانی تنازعات جنم لیتے ہیں۔ نشہ کرنے والوں اور شرابیوں کے جسموں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔ ایسے میں نشے سے نجات ضروری ہے تاکہ انسانی صحت اور معاشرے کو صاف ستھرا اور صحت مند بنایا جا سکے۔
وہیں مولانا یحیٰ کریمی نے کہا کہ نشہ انسانی زندگی کوتباہ کردیتاہے۔اللہ کے رسولؐ نے بھی شراب کوہربرائی کی جڑبتایاہے۔لیکن میوات میں نشہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ اب تو نشہ کی ہوم ڈیلیوری بھی ہونے لگی ہے۔جس کی وجہ سے لوگ آسانی سے منشیات حاصل کر لیتے ہیں۔ اس حوالے سے عوامی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ سوشل سکیورٹی میں آدھی آبادی کا پورا خیال رکھتے ہوئے گھریلو تشدد کو روکا جا سکے۔
اس موقع پر ماسٹر محمد قاسم ظفر نائب صدر جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب و مہتمم جامعہ عربیہ افضل العلوم مہوںنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نشہ آور اشیاسے دور رہیں اور اپنے گھروں سے منشیات کے خلاف مہم شروع کریں۔
مفتی سلیم ساکرس ناظم عمومی جمعیۃ علمامیوات نے خاص کر نوجوانوں کوترغیب دلائی کہ وہ نشہ اور منشیات اسمگلروں سے دوررہیں۔ اس موقع پر مولانا صابر مظاہری و چودھری آزاد سابق ڈپٹی اسپیکر ہریانہ اسمبلی نے بھی میوات کے لوگوںسے منشیات سے بچنے کی اپیل کی۔اس موقع پر مولانا اظہر قاسم ظفر اشرفی اور 24گاؤں کے پنچ سرپنچ سمیت ہزاروں کا مجمع موجود رہا۔