امیدواروں کو وکاس پرش وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار سے بہت امیدیں
پٹنہ ۔بہار میں آئے دن ہر شعبہ میں بحالی ہو رہی ہے اور تمام شعبوں کے خالی پوسٹوں کو بھرنے کی تیزی سے کوشش ہو رہی ہے؛ بہار کے وکاس پرش معزز وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار تقریباً ہر روز تقرر نامے تقسیم کر رہے ہیں جس سے بہار ترقی کا نیا سنگ میل عبور کر رہا ہے۔دوسری طرف معاون اردو مترجمین کی بحالی کا معاملہ چار سالوں سے اٹکا ہوا ہے لیکن اس پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی ہے جس سے امیدواروں میں بےچینی اور بھوک مری جیسے حالات پیدا ہو رہے ہیں؛ کتنے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے رشتے بے روزگاری اور غربت کے بناء پر نہیں ہو پا رہے ہیں۔2019 میں جب اس بحالی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا تو دیس پردیس سے بہت سے نوجوان سرکاری ملازمت کا سپنہ لیے گھر آ گئے؛ امتحان کی تیاری کر کے پی ٹی اور مین امتحان پاس کئے، امید تھی کہ آج کل میں نوکری مل جائے گی، اسی امید پر پرانا کام چھوڑا اوراب حال یہ ہے کہ نہ ادھر کے رہے اور نہ ادھر کے رہے، چار سالوں میں بے روزگاری کے ساتھ ادھر ادھر بھٹک رہے ہیں۔پہلے پہل آیوگ نے کیس کا بہانہ بنا کر فائنل میرٹ روکے رکھا، جب کیس اٹھا لئے گئے اور امید تھی کہ اب فائنل رزلٹ آ جائے گا تو آیوگ آٹھ سو تینتیس لوگوں کو مزید کاؤنسلنگ کے لیے بلا لیا، خیر سے وہ بھی ہو گیا۔ اب امید تھی کہ رزلٹ آ جائے گا تو آیوگ تیسری بار پھر بیس لوگوں کو کاؤنسلنگ کے لیے بلایا یہ کہہ کر کہ جتنی کی بحالی ہونی ہے وہ تعداد پوری نہیں ہو رہی ہے، خیر فروری کے تیرہ تاریخ کو تیسری کاؤنسلنگ ہو گئ اور کاؤنسلنگ کو دس دن ہو گئے مگر اب تک فائنل رزلٹ شائع نہیں ہوا ۔اس سلسلے میں متعدد ذرائع سے آیوگ اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کرنے پر کہا جاتا ہے کہ بس آج کل میں نکل جائے گا اور یہ کہہ کہہ کر تسلی دے دی جاتی ہے۔جبکہ ماضی میں دوسری بحالی میں آیوگ نے کاؤنسلنگ کے دو دن کے اندر ہی فائنل رزلٹ شائع کر دیا تھا مگر پتہ نہیں آیوگ کی کیا مجبوری ہے کہ اس بار ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ معاملہ اردو کا ہے، اس لیے تاخیر کی جا رہی ہے؟ یا پھر آیوگ کی منشاء اس بحالی کے تعلق سے صحیح نہیں ہے؟ لوک سبھا کا الیکشن قریب ہے اور ہفتہ دس روز میں الیکشن کا شیڈول آ جائے گا؛ ایسے میں امیدواروں میں بہت بے چینی ہے، نہ جانے کتنے امیدواروں نے اپنے دکھ درد کا اظہار کرتے ہوئے معزز وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ خود اس پر توجہ فرمائیں اور جلد از جلد اس بحالی کی تکمیل کا متعلقہ افسران کو ہدایت جاری فرمائیں کیوں کہ معزز وزیر اعلیٰ سے انہیں بہت امیدیں ہیں۔