🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

ممبئی ۔ دھاراوی میں انجمن باشندگان بہارممبئی دھاراوی برانچ آفس کے احاطے میں مولانا غفران ساجد قاسمی چیف ایڈیٹر بصیرت آن لائن کی صدارت میں ممبر پارلیمنٹ راجیہ سبھا الحاج جناب ڈاکٹر فیاض احمد صاحب اور ان کے صاحبزادے جناب آصف احمد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام کا انعقاد کیا گیا، اس پروگرام کے آرگنائزر و منتظم جناب انصار شیخ بھیروا اور جناب فیضان شیخ عرف گڈو نورچک تھے، پروگرام کا آغاز جناب حافظ حیدر علی صاحب بھیروا کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، نظامت کے فرائض جناب پروفیسر محمد اسلام شیخ صاحب سابق پروفیسر مہاراشٹر کالج ممبئی نے انجام دیا، اس موقع پر جناب ڈاکٹر فیاض احمد صاحب نے بسفی حلقہ کے ووٹرس کے ساتھ ساتھ اہالیان بہار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میرے یہاں آنے کا مقصد آپ لوگوں کو انتخاب کے تعلق سے بیدار کرنا ہے، آپ سے درخواست ہے کہ آپ صرف پانچ سال میں 5 دن انتخاب کے لیے قربان کریں اور اپنے اپنے گاؤں پہونچ کر اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں تاکہ ہمارا ووٹ فیصد بڑھے اور ہم اچھے امیدوار کا اپنی پسند سے انتخاب کرسکیں، انہوں نے کہا کہ میں اپنے اس مشن کے تحت دہلی بھی گیا اور وہاں بھی اہل بہار سے ملاقات کرکے یہی درخواست کی ہے اور یہاں سے مجھے دوسرے شہروں میں بھی جانا ہے، انہوں نے استقبالیہ پروگرام کے انعقاد کے لیے جناب انصار شیخ اور ان کے رفقا کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر جناب آصف احمد نے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے پہلے اپنا تعارف کرایا اور کہا کہ میں اس لیے آپ کے سامنے اپنا تعارف پیش کررہا ہوں تاکہ آپ کو معلوم ہوسکے کہ آپ کا امیدوار تعلیم یافتہ ہے یا نہیں، انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں یہ دعوی نہیں کرتا ہوں کہ بسفی حلقہ سے مجھے ہی امیدوار بنایا جایے گا بلکہ میں یہ چاہتا ہوں کہ انڈیا اتحاد جسے بھی اپنا امیدوار بنائے آپ سب لوگ اسے اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب بنائیں اور اپنی آواز بلند کرنے کے لیے اسے ایوان میں بھیجیں، انجمن باشندگان بہارممبئی کے جنرل سیکریٹری محمود حکیمی نے جناب ڈاکٹر فیاض احمد صاحب کا استقبال کرتے ہوئے انجمن کی جانب سے ایک میمورنڈم پیش کیا جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ممبئی سے پاٹلی پترا پٹنہ تک چلنے والی سوپر فاسٹ ٹرین کی توسیع کرکے اسے مظفرپور تک کردیا جائے تاکہ اہل بہار کو سفر کرنے میں سہولت ہو، ڈاکٹر فیاض احمد صاحب نے یقین دہانی کرائی کہ وہ انشاءاللہ اس تعلق سے ریلوے کے وزیر سے بات کریں گے اور اس کام کو ضرور کریں گے۔
صدارتی خطاب کرتے ہوئے مولانا غفران ساجد قاسمی نے کہا کہ جناب ڈاکٹر فیاض احمد صاحب کی شخصیت سیاسی سے زیادہ ملی ہے، وہ یقینی طور پر قوم وملت کے سچے ہمدرد اور رہنما ہیں، انہوں نے ہمیشہ ملت کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی ہے، اب اگر ان کے صاحبزادے جناب آصف احمد صاحب اپنے والد کی جگہ لینا چاہتے ہیں تو انہیں بھی اپنے والد کے نقش قدم پر چلنا ہوگا اور ملت کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنی ہوگی، تبھی وہ کامیاب ہوسکتے ہیں، مزید مولانا غفران ساجد نے سامعین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بسفی حلقہ کے لیے ہمارے پاس اس سے بہتر امیدوار نہیں ہے، اس لئے ہمیں چاہیے کہ ہم اپنا قیمتی ووٹ دے کر انہیں کامیاب کریں اور ووٹوں کو تقسیم ہونے سے بچائیں، خاص طور پر جن سوراج جیسی پارٹیوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، آخر میں انہوں نے اس اہم پروگرام کے انعقاد کے لیے جناب انصار شیخ، فیضان شیخ، عقیل نائر اور جناب محمد اسلام شیخ کو مبارک باد پیش کی اور دعا پر پروگرام کا اختتام ہوا۔