🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

جامعہ عربیہ افضل العلوم میں 14طلباء کی ختم مشکوۃ شریف کا انعقاد ،48حفاظ کرام کی دستار بندی
نوح ۔میوات کی مشہورومعروف دینی وعصری درسگاہ جامعہ عربیہ افضل العلوم عیدگاہ روڈ موضع مہوں میں مولانا داؤد امینی کی زیر صدارت شاندار جلسہ ختم مشکوۃ شریف ودستار حفاظ کرام کا انعقاد کیاگیا۔ جس میں مہمان خصوصی کے طورپر بھائی یوسف احمد انصاری و مولانا فاروق استاذ دارالعلوم موٹی نرولی گجرات و مولانا عارف فلاحی شیخ الحدیث دارالعلوم موٹی نرولی گجرات و مولانا صابر مظاہری نے شرکت کی۔
14 بچے مشکوٰۃشریف سے فارغ ہوئے ہے اور 48 بچے حفظ قرآن سے فارغ ہوئے ہے۔مشکوٰۃ شریف کا آخری درس حضرت مولانا عارف فلاحی شیخ الحدیث دارالعلوم موٹی نرولی گجرات نے دیا ۔آخری حدیث کا درس دیتے ہوئے کہا کہ آج یہ عظیم کتاب مکمل ہو رہی ہے۔ مصنف علیہ الرحمہ کب آئے، کب چلے گئے، مگر ان کی یہ عدیم النظیراور آبدار کتاب آج بھی اسی ذوق و شوق سے پڑھی جا رہی ہے، جس ذوق و شوق سے ابتدائی دور میں پڑھی جا رہی تھی۔ یہ مصنف کے حد درجہ خلوص، اخلاص بے پایاں اور تعلق مع اللہ کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکا۔مولانا فلاحی نے کہاکہ آپ نے جو احادیث پڑھی ہیں، ان کو عملی زندگی کے اندر داخل کریں،آپ کی تعلیم و تربیت آپ کے کردار و عمل سے ظاہر ہوہی چاہئے یہی اصل کامیابی ہے۔
انہوں نے کہاکہ آج آپ کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہورہاہے اور آپ کو دین کا داعی بن کر معاشرے کے اندر جانا ہے اور اسلام کی صحیح تعلیمات کو سماج کے سامنے پیش کرناہے اسلئے آپ کا ہر عمل شریعت کے مطابق ہونا چاہئے، آپ کو چاروں جانب سے علم کی روشنی پھیلانی ہے ، یہاں سے آپ کا نیا سفر شروع ہورہاہے ،آپ کے ذریعہ حاصل کی گئی تعلیم کو نہ صرف اپنے لیے روشنی کا سبب بنائیں بلکہ آنے والی نسلوں اور پوری قوم کے لیے بہترین مثال پیش کریں اور سماج کے لئے عملی نمونہ بن کر دکھائیں۔
مولانا یحییٰ کریمی ناظم عمومی جمعیت علماء متحدہ پنجاب نے اس موقع پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ آ پ کو ابھی بہت سارے امتحانات میں مقابلہ کرنا ہے؛ اپنے آپ کو تیار رکھیں محنت لگن سے جو پڑھا ہے اس پر عمل کریں ،مولانا نے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اللہ پر توکل وہ بھروسہ رکھنا چاہیے اور حالات کا مقابلہ اپنے اخلاق اور دینی تعلیمات سے کرنا چاہیے۔
ڈاکٹر معظم عظیم نے تمام فارغین طلبائے کرام کو میڈل و شیلڈ سے نوازا ۔ساتھ ہی ماسٹر محمد قاسم مہتمم مدرسہ ہذاسمیت قاری زکریا ،مفتی رضوان اور مولانا اظہر قاسم ظفر اشرفی کو بھی شیلڈ وغیرہ سے نوازا۔اور مدرسہ کے ذمہ داراوں کی جانب سے بھی ڈاکٹر صاحب کومیڈل سے نوازا گیاکیونکہ ڈاکٹر صاحب مدارس کے طلبا کا مفت علاج کرتے ہیں۔مزید مفتی سلیم قاسمی ساکرس اور ڈاکٹر یوسف انصاری نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔
آخر میں مہتمم مدرسہ نے طلباء وعوام کو خطاب کرتے ہوئیے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم اپنے طلباء میں اسلامی تہذیب و تمدن کے جذبات اور دین و سیاست کے لحاظ سے ان میں انسانیت ملک سے ہمدردی اور اسلامی شعور بیدار کریں۔انھوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد ہر بچے کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سچی محبت اور سنت رسول پر زندگی گزارنے والا مثالی انسان اور مکمل مسلمان بنانا ہے ۔انھوں نے سبھی شرکاء کا شکریہ اداکیا۔مولانا عبیداللہ ظفر قاسمی کی قیادت میںاورمولانا اظہر قاسم ظفر اشرفی کی نگرانی میں اس پروگرام کاانعقاد کیاگیا۔نظامت کے فرائض مولانا مبین نے انجام دئے۔
اس موقع پر مولانا امجد الور،مفتی شرافت الور،مفتی عامر الور،مولانا ساجد یحی کریمی،مولانا طاہر،مولانا اکبر،حافظ علیم،حافظ صادق،حافظ عادل،مفتی خورشید، مفتی زبیر، مفتی غیور، مولانا عابد، قاری عبیداللہ، مولانا فاروق،قاری ممتاز، قاری محبوب،قاری انضمام، مولانا شاکر، ماسٹر عبدالحمید سمیت ہزاروں کی تعداد میں عوام الناس نے شرکت کی۔