عالمی یوم ماحولیات پر مختلف سرگرمیوں کا اہتمام

علی گڑھ، 11 جون۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) میں عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ رورل ہیلتھ ٹریننگ سینٹر (رورل ہیلتھ ٹریننگ سنٹر ) کی جانب سے ماحولیاتی بیداری کے مقصد سے ماڈل سازی کا مقابلہ منعقد کیا گیا جس میں محمد دانش، محمد مظہر اور محمد وامق کی ٹیم نے پہلا مقام جبکہ محمد کامران، محمد ذوالفقار اور محمد عارف کی ٹیم نے دوسرا مقام حاصل کیا۔قبل ازیں مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد بلال (جے آر-1) نے مقابلہ میں شریک ٹیموں کا تعارف کرایا۔ اس مقابلے میں 5 ٹیموں نے حصہ لیا اور ہر ٹیم میں 3 انٹرن شامل تھے۔ پروفیسر عظمیٰ ارم، انچارج، آر ایچ ٹی سی نے شکریہ ادا کیا۔دوسری جانب اے ایم یو کشن گنج سنٹر نے مقامی سطح پر ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے صفائی مہم اور ری سائیکلنگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شجرکاری کا اہتمام کیا۔ سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر عشرت عالم نے کہا کہ عالمی یوم ماحولیات کرہ ارض کے ساتھ ہمارے تعلق کو درست کرنے اور آب و ہوا و ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لئے اقدامات کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بیگم عزیز النساء ہال میں پرووسٹ پروفیسر آسیہ چودھری کی قیادت میں پودے لگائے گئے۔ ہال کے احاطے میں کئی جگہوں پر پرندوں کے لئے پانی کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سماجی ذمہ داری مہم کے تحت ضرورت مندوں کے لیے پرانے کپڑوں کے عطیہ کی مہم بھی چلائی گئی۔

Leave a Comment