‘‘وضاحتیں… وقت کا زیاں’’

🌙 ہماری تہذیب کی جانب سے
آپ سب کو رمضان مبارک! ✨

چاند اور تارے

سیما شکور، حیدر آباد

آپ لوگوں کو وضاحتیں دینا چھوڑئیے۔اگر آپ یہ سمجھتے ہیں کہ لوگوں کو وضاحتیں دینے سے لوگوں کی غلط فہمیاں دور ہوجائیں گی وضاحتیں کارگر ثابت ہونگی… لوگوں سے تعلقات میں بہتری آئے گی تو یقین کیجئے ایسا ہرگز نہیں ہوگا اگر کسی کے دل میں آپ کے لیے عزت و احترام ہے اُسے آپ پر مکمل بھروسہ ہے تو وہ کبھی بھی آپ سے وضاحتیں طلب نہیں کرے گا اس کے برعکس اگر کوئی آپ کے بارے میں منفی سوچ رکھتا ہے اس کے دل میں آپ کے لیے منفی خیالات پل رہے ہیں وہ آپ سے حسد کرنے لگا ہے تو چاہے آپ کتنا بھی اُس کے قریب آنا چاہیں اُسے غلط فہمیوں سے باہر نکالنے کی سعی کریں تو سب بے سود ثابت ہوگاآپ کی لاکھ وضاحتیں بھی تعلقات کو بہتر بنانے میں ناکام ثابت ہونگی اس لیے جو جیسا سمجھ رہا ہے، جیسا سوچ رہا ہے اُسے اُس کے حال پر چھوڑ دیجئےآپ کی خاموشی ایک بہترین جواب ہوگا۔ آپ کی طمانیت بھری مسکراہٹ سے اُسے اپنی شکست محسوس ہوگی۔ آپ ایسے زہریلے لوگوں سے دور رہنے کی جتنی کوشش کریں گے اتنا ہی پُر سکون رہ سکیں گے۔ ایسے منفی خیالات اور دل میں زہرپالنے والے لوگ ہماری زندگی کے لیے ناسور ثابت ہوتے ہیں۔ ہماری زندگی سے سکون کو ختم کردینا اور ہمیں پستی میں دھکیل دینا ایسے لوگوں کی اولین خواہش ہوتی ہے، اس لیے ایسے لوگوں کو اپنے مقصد میں کامیاب ہونے نہ دیں۔ ایسے لوگوں کو اپنی زندگی سے دور نکال پھینکئے کیونکہ ایسے لوگ انسانیت کے لیے زہر قاتل ثابت ہوتے ہیں ہماری کامیابی ان سے برداشت نہیں ہوتی ایسے لوگ منافرت پھیلانے میں پیش پیش رہتے ہیں ۔ چونکہ یہ لوگ خود ناکام ہوتے ہیں اس لیے ہر کسی کو یہ ناکام و نامراد دیکھنا چاہتے ہیں ۔ ایسے لوگوں کو سمجھنا اور پہچاننا اتنا آسان نہیں ہوتا اس لیے کہ لوگ کئی روپ رکھتے ہیں۔

اگر آپ لوگوں کو وضاحتیں دیتے رہیں کہ وہ جیسا آپ کے بارے میں سوچ رہے ہیں آپ ویسے نہیں ہیں تو اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوگا کوئی اگر آپ کے بارے میں غلط سوچ رکھتا ہے تو آپ کی لاکھ وضاحتیں بھی کسی کام نہ آسکیں گی اس لیے لوگوں کو نظر انداز کرنا سیکھئے۔ ہماری سب سے بڑی غلطی یہ ہوتی ہے کہ ہم کچھ فضول سی سوچ رکھنے والے لوگوں کو حد سے زیادہ اہمیت دے دیتے ہیں اور وہ قدرکرنے کے بجائے اپنی اصل اوقات دکھادیتے ہیں۔ آپ اُنہیں جتنی بھی عزت دیں جتنا بھی احترام دیں وہ آپ کو غلط ہی سمجھیں گے ۔ لوگ صرف مطلب کی حد تک آپ کے ساتھ ہوتے ہیں جہاں ان کا مطلب پورا ہوا تو پھر انہیں آپ میں خامیاں دکھائی دینی شروع ہوجاتی ہیں۔ اگر آپ کے قریبی لوگوں میں دوستوں میں رشتے داروں میں کوئی ایسا ہو جو آپ کے بارے میں بلا وجہ دل میں زہر پال رہا ہے تو ان سے الجھنے کی کوشش نہ کریں انہیں عزت ضرور دیں لیکن اپنی زندگی میں اتنی زیادہ اہمیت نہ دیں کہ آپ کی زندگی وبال بن جائے آپ کی زندگی سے سکون درہم برہم ہوجائے ایسا مت ہونے دیجئے نہ ہی ایسے لوگوں سے زیادہ سوال جواب کریں آپ کی کم سے کم کی گئی گفتگو آپ کے لیے بہتر ہے۔ ایسے لوگ اس موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں کہ ہماری باتوں سے کوئی نہ کوئی منفی معنی اخذ کئیے جائیں اور اس طرح ہم کو پریشان کیا جائے۔

اگر آپ کے دل میں ہمیشہ اللہ تعالیٰ کا خیال جاگزیں ہو آپ میں اللہ تعالیٰ کا ڈر ہو تو پھر آپ کبھی بھی لوگوں کی پرواہ نہیں کریں گے صرف اللہ تعالیٰ سے مدد ما مانگئے ہر ایک کے لیے اچھا سوچئے لوگوں کے کام آئیے۔ سب کی عزت کیجئے لیکن کسی کو اتنی اہمیت اپنی زندگی میں نہ دیں کہ وہ آپ کی زندگی کو زہر آلود کرتا رہے اور آپ صرف دیکھتے رہیں۔ جب لوگ اپنے آپ کو آپ کے مقابلے میں کم تر اور شکست خوردہ تصور کرتے ہیں تو وہ سازشوں اور منافرت پھیلانے میں لگ جاتے ہیں اس کا مطلب یہ بالکل نہیں کہ آپ یہ سب دیکھ کر وضاحتیں دینا شروع کردیں لوگوں کے اصلی چہرے آپ کو بہت کچھ سکھاتے ہیں اس لیے دلبرداشتہ مت ہوں۔ اُن کے رویوں سے دل گرفتہ ہونا چھوڑئیے اگر آپ نے ایسے لوگوں کی پرواہ کی تو وہ اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہوجائیں گے ان کا اصل مقصد آپ کو ذہنی طور پر کمزور کرنا ہے اُنہیں کامیاب ہونے مت دیں۔ اکثر ہمیں ذہنی طور پر دکھ پہنچانے والے وہ لوگ ہوتے ہیں جو ہمارے اپنے ہوتے ہیں۔ لوگوں کے یہی دستور ہیں ایسے لوگ اپنے کہاں ہوتے ہیں وہ تو بس لوگ ہوتے ہیں اس لیے اپنی زندگی میں خوشیاں بھرنے کے لیے بلا وجہ کی وضاحتیں دینا چھوڑ دیجئے اُن کی پرواہ کیجئے جو آپ کی پرواہ کرتے ہیں، آپ کی قدر کرتے ہیں۔

اُن کے دل میں آپ کی قدر و منزلت اتنی زیادہ ہے کہ وہ کبھی آپ کو دکھی نہیں کرسکتے۔ اکثر لوگ اپنی زندگی کا قیمتی وقت لوگوں کو اپنے بارے میں وضاحتیں دیتے گزار دیتے ہیں۔ زندگی اور وقت دونوں بہت قیمتی ہیں۔ لاحاصل کوششوں میں اپنا وقت اور صلاحیتیں ضائع نہ کریں۔ وہ لوگ جو اپنے دل میں ہمیشہ آپ کے لیے بغض رکھتے ہیں وہ کبھی بھی آپ کے بارے میں مثبت رائے نہیں رکھ سکتے۔ اس خام خیالی میں مت رہئیے کہ وضاحتیں ان لوگوں کے دلوں سے کدورتیں نکال دیں گی۔ اپنے آپ پر اپنی صلاحیتوں پر ، اپنے مقصد پر دھیان دیجئے۔ کچھ لوگ ہر بات میں آپ کے خلاف اس لیے بولتے ہیں کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ اس طرح وہ آپ کا اعتماد خود پر سے ہٹانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں اس لیے وہ ہر وقت آپ کی بات کے اُلٹ بات کرتے ہیں اس لیے ایسے لوگوں کو اپنے قریب مت آنے دیں۔ ایسے لوگ اپنی ناکامیوں کا بدلہ دوسروں سے لینا چاہتے ہیں اُن کے پاس ایک یہی ہدف ہوتا ہے کہ دوسروں کو نیچے گرایا جائے۔

لوگ جب آپ کو بُرا بھلا کہیں ، آپ سے بدسلوکی کی انتہا کردیں تو بھی خود پر قابو ر کھئے کیونکہ ایسے لوگ آپ کو غصہ دلا کر آپ کی برداشت کا امتحان لے کر آپ کو اپنی سطح پر لانا چاہتے ہیں لوگوں کی اس خواہش کو پورا نہ ہونے دیں نہ جواب دیں نہ وضاحتیں دیں۔ خاموشی اختیار کریں۔ اگر کوئی آپ کو خوفزدہ کرنا چاہے تو خوفزدہ مت ہوں۔ لوگ ہر ہر رنگ دکھا کر آپ کو زیر کرنا چاہتے ہیں۔ کسی کو یہ اختیار مت دیں کہ وہ آپ کی زندگی کو جہنم بنادے۔ جب لوگ آپ سے وضاحتیں طلب کرنا چاہیں آپ سے آپ کے اچھے ہونے کا ثبوت مانگیں آپ کو طیش دلا کر آپ کو بپھرے ہوئے دیکھنا چاہیں تو پر سکون ر ہئے ایسے لوگوں سے الجھ کر اپنے آپ کو ان لوگوں کی سطح پر مت آنے دیجئے اگر بُرے لوگوں سے ہمارا واسطہ نہ پڑے تو ہمیں کبھی معلوم ہی نہ ہوسکے گی اس دنیا کی حقیقت ۔ اپنے اور پرائے کی حقیقت ۔زندگی کے ہر شعبے میں کبھی نہ کبھی ہر کسی کو ایسے حالات سے گزرنا پڑتا ہے کہ جب اس کا دل یہ چاہتا ہے کہ لوگوں کے دلوں سے اپنے بارے میں غلط فہمی کو دور کیا جائے اگر آپ یہ سوچ کر وضاحتیں دینا شروع کریں گے تو لوگ آپ کو کمزور سمجھ کر ہمیشہ ایسے ہی وار کریں گے۔ شیر کی طرح رہئے جو کبھی کتوں کے بھونکنے کی پرواہ نہیں کرتا۔

ایسے لوگوں سے نفرت نہ کریں جنہوں نے آپ کو عاجز کردیا ہے۔ ذہنی طور پر پریشان کردیا ہے ایسے میں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وہ انہیں نیک ہدایت دے۔ ایسے لوگوں کے شر سے پناہ مانگیں۔ اپنے آپ کو کبھی کمزور اور مجبور نہ ہونے دیں۔ صرف اس بات کا خیال رکھیں کہ اللہ تعالیٰ آپ سے راضی رہے، ہمیشہ راضی رہے۔

Related Posts

آگیا رمضان ہے

ہو گیا ہم پے خدا کا پھر بڑا احسان ہےمل گیا اس سال پھر سے جو ہمیں رمضان ہے اس مہینے میں ہیں اتری آسمانی اور کتباس مہینے میں ہی…

Read more

وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور بہارکی ترقی

ابوالکلام ، دربھنگہ بہار وزیر اعلیٰ نتیش کمار بہار کی سیاست میں ایک نمایاں اور مؤثر شخصیت ہیں، جنہوں نے اپنی قیادت میں ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لیے…

Read more

آپ وہی ہیں جو آپ سوچتے ہیں

سیما شکور، حیدر آباد اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ آپ ایک کامیاب انسان ہیں تو واقعی آپ ایک کامیاب انسان ہیں اگر آپ یہ سوچتے ہیں کہ آپ کی…

Read more

بیسویں صدی کےنامور مسلمان مصلحین

از:ڈاکٹر محمد اقتدار حسین فاروقیڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل بوٹینیکل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، حکومتِ ہند، لکھنؤ مسلم دنیا میں کئی صدیوں تک فکری زوال اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے طویل نیندکے…

Read more

اپنے بچوں کی اچھی تعلیم و تربیت کا انتظام کیجئے

ام سلمہجمالپور، دربھنگہ تعلیم اور تربیت کسی بھی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے بنیادی ستون ہوتے ہیں۔ ایک معاشرہ اسی وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے…

Read more

جو راستہ تم نے چُنا ہے…؟

سیما شکور، حیدر آباد جو راستہ تم نے چُنا ہے… وہاں خار تو ہوں گے، کیونکہ یہ راستہ سچائی کا راستہ ہے، یہ راستہ ایمانداری کا راستہ ہے۔ تم تو…

Read more

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *